پاکستان نے وزیراعظم کے بیان پربھارتی ردعمل مسترد کردیا

0
پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے مذمتی بیان پر بھارتی ردّ عمل مسترد کردیا ۔دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے بھارت کی جانب مقبوضہ کشمیر میں عوام کے بنیادی حقوق سلب کرنے کی مذمت کی تھی جس پر بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا ہے۔ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے امور کو اندرونی قراردینے کی رٹ، اس کے جھوٹ کو سچ میں تبدیل نہیں کرسکتی نہ ہی اس سے بھارت کے غیر قانونی قبضے کو قانونی حیثیت مل سکتی ہے۔ پاکستان کی قیادت اور عوام کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا اس وقت جب دنیا کورونا کی وباء کا مقابلہ کر رہی ہے، بھارت نے کشمیریوں کے لئے ڈومیسائل کے قانون میں تبدیلی کا اقدام کیا۔ یہ بی جے پی کی حکومت کے اخلاقی دیوالیہ پن کی ایک مثال ہے۔ مودی سرکار آرایس ایس اور ہندوتوا نظریات کو مسلط کرنا چاہتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادیں متنازعہ علاقہ قراردیتی ہیں۔ اس کے مستقبل کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کے تحت کشمیری عوام کے استصواب رائے سے ہی ہوگا۔ بھارت کا کوئی بھی عمل مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا جواز نہیں ہوسکتا۔ بھارت کی طرف سے طاقت کا وحشیانہ استعمال کشمیری عوام کو ان کے مقصد سے نہیں ہٹاسکتا۔

Leave a Reply

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

%d bloggers like this: