پاکستان کیخلاف آخری ون ڈے میں بھی جنوبی افریقہ فاتح

کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیا گیا 241 رنز کا ہدف جنوبی افریقا نے 40 اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ پاکستان کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ہاشم آملہ 14 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا شکار بن گئے۔
ہینڈرکس بھی 34 رنز بنا کر عامر کی گیند پر شاہین آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ڈی کوک 83 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ تین وکٹیں گرنے کے بعد فاف ڈوپلیسی اور ڈوسن نے اپنی ٹیم کا سکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑی 50، 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے دو جب کہ محمد عامر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں میزبان ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 240 رنز 8 وکٹوں کے نقصان پر بنائے۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا۔ پاکستان کو پہلا نقصان امام الحق کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 8 رنز بناکر ڈیل اسٹین کا شکار بنے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 64 کے مجموعی سکور پر گری جب بابر اعظم 24 رنز بناکر کلین بولڈ ہوگئے۔
محمد حفیظ بھی108 کے مجموعی سکور پر 17 رنز بناکر پھیلوکائیو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان شعیب ملک کریز پر آئے اور دوسرے اینڈ پر اوپنر فخر زمان عمدہ بیٹنگ کررہے تھے لیکن ان کی یہ اننگز 128 کے مجموعی اسکور پر تمام ہوئی اور وہ 73 گیندوں پر 70 رنز بناکر پھیلوکائیو کی گیند پر عمران طاہر کو کیچ دے گئے۔
147 کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان صرف 10 رنز بناکر چلتے بنے پھر شاداب خان کیریز پر آئے لیکن 174 کے مجموعی اسکور پر کپتان شعیب ملک 31 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد شاداب خان 19 اور محمد عامر 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ آل راؤنڈر عماد وسیم نے اس موقع پر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 31 گیندوں پر 4 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور 240 تک پہنچادیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیل اسٹین نے 10 اوورز میں 51 رنز دیے اور صرف ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ پریٹوریئس اور پھیلوکائیو نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.