افغانستان میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی

0
مون سون کی بارشوں نے جنوبی ایشیائی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے،افغانستان کے مختلف صوبوں میں بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔مسلسل ہونے والی بارشوں سے ڈیمز ٹوٹ گئے جس کے نتیجے میں رہائشی علاقوں میں داخل ہونے والے سیلابی ریلے میں 77 افراد بہہ گئے ہیں۔ تباہ ہونے والے گھروں کے ملبوں سے مزید لاشیں ملنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 162ہوگئی ہے جبکہ مختلف حادثات میں 250 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق مسلسل ہونے والی مون سون بارشوں میں صوبہ پروان زیر آب آگیا،لینڈ سلائیڈنگ، ہورڈنگز گرنے اور مختلف واقعات میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔صوبہ پروان کے محکمہ صحت کے سربراہ صفی اللہ واراستہ نے بتایا ہےکہ سیلابی ریلا اپنے ساتھ 200 سے زائد افراد کو بہا کر لے گیا، تاحال 77 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ 100 سے زائد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے 15 کی حالت نازک ہے۔سیلابی ریلے نے سب سے زیادہ نقصان صوبے پروان کے مرکزی شہر چاریکار کو پہنچایا جہاں 350 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے اور 80 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہیں۔ کابل کے شمال میں موجود شہر چری کر میں ہی 100 اموات ہوئی ہیں۔

Leave a Reply

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

%d bloggers like this: