ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھل گئے،شادی ہالز کو بھی کام کی اجازت

0

پاکستانی تاریخ کی طویل ترین بندش کے بعد ملک بھر میں تعلیمی ادارے اور شادی ہال کھل گئے، پہلے مرحلے میں میٹرک، انٹر اور جامعات کو کھولا گیا ہے جبکہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے 7 ستمبر کو کیے گئے مشترکہ فیصلے کے تحت چھٹی سے آٹھویں تک کلاسز آئندہ ہفتے 22 ستمبر جبکہ پرائمری اور پری پرائمری کلاسز 30 ستمبر سے شروع ہوں گی۔حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کے تحت کلاس رومز میں کرسیوں کے درمیان فاصلہ رکھنا، طلبہ کو ماسک پہننا اور ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال لازمی ہوگا۔ نجی اسکولوں اور جامعات میں جراثیم کش اسپرے بھی کرایا جارہا ہے جبکہ ایس او پیز پر عمل کرانے کے لیے تدریسی و غیر تدریسی عملے کو تربیت بھی دی جارہی ہے۔
دوسری جانب کرونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب 6 ماہ قبل مارچ میں بند ہونے والے شادی ہالز بھی آج سے کام شروع کردیں گے ۔ شادی ہال مالکان نے طویل وقفے کے بعد اپنا کاروبار کھولنے کے لیے ایک ہفتہ قبل ہی تمام تیاریاں مکمل کرلی تھیں۔ شادی ہالز کھلنے کے فیصلے سے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ویٹرز اور انتظامی خدمات فراہم کرنے والے لاکھوں بیروزگار ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔
شادی ہال مالکان کا کہنا ہے کہ کرونا کے باعث 14 مارچ سے شادی ہالز لاک ڈاؤن کے باعث بند کردیئے گئے تھےاور طویل دورانیے کے لاک ڈاؤن اور شادی ہالوں کی بندش سے ان کے چولہے بجھ چکے تھے تاہم شادی ہالز کھلنے سے بے روزگاری کے حجم میں نہ صرف کمی واقع ہوگی بلکہ شادی ہال مالکان کو پہنچنے والے کاروباری نقصانات کا ازالہ بھی ممکن ہوسکے گا۔

Leave a Reply

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

%d bloggers like this: