محرم الحرام: سندھ میں سیکیورٹی کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ

0
محرم الحرام کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے کراچی سمیت سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی،، اس سلسلے میں محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے حکمنامہ بھی جاری کردیا گیا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر میں 9 اور 10محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی تاہم فورسز اہلکار، صحافی، بزرگ، خواتین اور کم عمر بچے ڈبل سواری پابندی سے مستثنیٰ ہونگے۔نوٹیفیکشن کے مطابق محرم الحرام کی جلوس، مجالس اور تعزیے کے علاوہ 5 یا اس سے زائد افراد کے ایک ساتھ اکٹھے ہونے پر پابندی لگائی گئی ہے، اعلامیے میں متعلقہ حکام کی اجازت کے بغیر نئے جلوس اور مجالس کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں ہوائی فائرنگ ،اسلحےکی نمائش اور اسلحہ ساتھ لےکر چلنے پر بھی پابندی ہوگی لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر اسلحہ لے کر چلنے کی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ یکم سے 10 محرم تک اسلحہ لےکر چلنے کا اجازت نامہ منسوخ رہے گا۔نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران نفرت انگیز وال چاکنگ، پوسٹرز، بینرز، اشتعال انگیز تقاریر اور ریکارڈنگ پربھی پابندی ہوگی ۔سندھ حکام کے مطابق ماہ محرم میں کسی کو فرقہ واریت کو ہوا دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔

Leave a Reply

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

%d bloggers like this: