"چھٹُتی نہیں ہے منہ سے یہ کافر لگی ہوئی”

0

"چھٹُتی نہیں ہے منہ سے یہ کافر لگی ہوئی” یوں لگتا ہے کہ شاعر نے برسوں قبل یہ مصرع شائد لاہور قلندرز کیلئے ہی کہا تھا کیونکہ لاکھ جتن کرنے کے باوجود ان کے منہ کو مات کا ایسا نشہ لگا ہے کہ اسے چھوڑنے کو دل ہی نہیں کرتا۔
اب گزشتہ رات کے میچ کو ہی دیکھ لیجئے،مقررہ 20 اوورز میں 182 رنز کا اچھا ہدف دینے اور کامیابی سےصرف ایک گیند کی دوری پر آکر پھر سے شکست کو گلے لگا لیا جبکہ ٹورنامنٹ کے پہلے دونوں میچوں میں ہار کے باوجود قلندرز اب بھی اس بات پر بضد ہیں کہ
"شکست و فتح میاں اتفاق ہے لیکن ،،، مقابلہ تو دل ناتواں نے خوب کیا”
لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تاہم کرس لین 11 اور فخرزمان 33 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ قلندرز کے کپتان سہیل اختر ایک، پٹیل 10 ، ڈیوڈ ویزے 19 اور ڈین ولاس 3 رنز کے مہمان رہے تاہم حفیظ نے ذمہ دارنہ بلے بازی کرتےہوئے98 رنزبنائے اوراس طرح قلندرز نے یونائیٹڈ کو فتح کے لیے 183 رنز کا ہدف دے دیا۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ابتدائی دونوں کھلاڑی جلد ہی آؤٹ ہو گئے تاہم کپتان شاداب خان نے شاندار بیٹنگ کامظاہرہ کرتے ہوئے 52 رنز بنائے،اس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت میں آخری محمد موسیٰ نے اہم کردار ادا کیا جنہوں نےجارحانہ سٹورکس کی بدولت لاہور قلندرز کی جیت کو ہار میں تبدیل کردیا ۔دیگر بلے بازوں میں میلان 22، انگرام 30 جبکہ آصف علی 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
لاہور قلندرز کی پی ایس ایل میں یہ مسلسل آٹھویں شکست ہے، قلندرز کو گزشتہ پی ایس ایل میں مسلسل 6 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب وہ اس سیزن میں مزید دو میچز ہار چکی ہے۔ قلندرز کی بُری قسمت نے یہیں پر بس نہیں کیا بلکہ میچ کی شکست کے ساتھ ساتھ سلو اوور ریٹ کی وجہ سے قلندرز کی فائنل الیون میں شامل تمام کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔

Leave a Reply

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

%d bloggers like this: