ورلڈ کپ 2019 کا بڑا اپ سیٹ

لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن 3 رنز پر اس کے دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔دو وکٹیں گرنے کے بعد آوشکا فرنینڈو اور کوشل مینڈس نے 59رنز کی شراکت قائم کی لیکن مارک وڈ نے 49رنز پر فرنینڈو کی اننگز کا خاتمہ کردیا اس کے بعد اینجلو میتھیوز آئے اور دونوں نے 71رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس مرحلے پر عادل رشید نے یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر 46رنز بنانے والے کوشل مینڈس کے ساتھ ساتھ اگلی ہی گیند پر جیون مینڈس کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔
133رنز پر سری لنکا کی آدھی ٹیم کے پویلین لوٹ چکی تھی لیکن اینجلو میتھیوز نےدھننجیا ڈی سلوا کے ساتھ مل کرچھٹی وکٹ کے لیے 57رنز کی ساجھے داری قائم کی لیکن 29رنز پر ڈی سلوا بھی ہمت ہار گئے۔ اس کے بعد آنے والےکھلاڑی یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے اور یوں سری لنکا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنا سکی، میتھیوز 85رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔انگلینڈ کی جانب سے مارک وڈ اور جوفرا آرچر نے تین، تین اور عادل رشید نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات سے دوچار رہی اور لاستھ ملننگا نے پہلے ہی اوور میں جونی بیئراسٹو کو پویلین رخصت کردیا۔ جیمز ونس اور جو روٹ نے اسکور 26 تک پہنچایا تو ملنگا نے 14رنز بنانے والے ونس کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔اس مرحلے پر روٹ کا ساتھ دینے مورگن آئے لیکن 47 رنزکی شراکت کے بعد انگلش کپتان بھی چلتے بنے۔ جو روٹ نے نئے بلے باز بین اسٹوکس کے ہمراہ 54رنز جوڑ کر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن ملنگا نے57رنز بنانے کے بعد انہیں بھی چلتا کیا ۔مہمان ٹیم انگلینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب جارح مزاج بلے باز جوز بٹلر صرف 10رنز بنانے کے بعد ملنگا کے تجربے کی بھینٹ چڑھ گئے۔
بین اسٹوکس نے معین علی کے ہمراہ اسکور 170تک پہنچایا لیکن اس موقع پر معین علی دھننجیا ڈی سلوا کو وکٹ دے بیٹھے۔کرس ووکس اور عادل رشید کی اننگز بھی ڈی سلوا کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی جبکہ یوڈانا نے آرچر کو آؤٹ کیا تو انگلینڈ کی ٹیم 186رنز پر 9وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔اس کے بعد بین اسٹوکس نے ٹیم کی ڈوبتی ناؤ کو پار لگانے کی بھرپورکوشش کی لیکن مارک ووڈ ان کا ساتھ نہ دے سکے اور ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوگئےیوں پوری انگلش ٹیم 212رنز پر ڈھیر ہو گئی، اسٹوکس 82رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ سری لنکا کی جانب سے ملنگا نے 4 ، ڈی سلوا نے تین اور یوڈانا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔لاستھ ملنگا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.