ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم مالا کنڈ، ہزارہ، پشاور، راولپنڈی، سرگودھا ڈویژن،اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر رم جھم ہو سکتی ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے، مری میں 8 انچ، مالم جبہ میں 3، استور اور راولا کوٹ میں 2 انچ برف باری ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے سرد مقام زیارت رہا، جہاں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کالام، قلات اور بگروٹ میں منفی 7، اسکردواور مالم جبہ میں منفی 5، گوپس، مری، دروش، استور، پارہ چنار اور کوئٹہ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد اور ملتان میں کم سے کم درجۂ حرارت 6 ،لاہور اور فیصل آباد میں 8، پشاور میں 5، مظفر آباد میں 3 اور حیدر آباد میں کم سے کم درجۂ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔شہر قائد میں سرد ہواؤں نے ڈیرے ڈال لیے جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ کراچی جہاں جنوری میں سردی رخصت ہو جاتی تھی وہاں فروری میں بھی اس کے جانے کے آثار نظر نہیں آ رہے۔ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت تو 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،البتہ یہاں سردی کی شدت کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ شہر میں لوگوں نے گرم جیکٹوں،اونی سوئٹرز، مفلرز کا استعمال پھر سے شروع کر دیا ہے، گھروں میں لحاف اور کمبل مسلسل استعمال ہو رہے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.