بارش اور برفباری نے تباہی مچا دی

0

ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور برف باری نے تباہی مچا دی ۔آزاد کشمیر،بلوچستان میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں70 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
این ڈی ایم اے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ آزاد کشمیر میں 55 افراد جاں بحق اور 5 افراد تاحال لاپتہ ہیں، سب سے زیادہ ہلاکتیں بکولی اور سیری میں ہوئیں جہاں 28 افراد لقمہ اجل بنے، سرگن نالہ گاؤں میں 6 مکانات برفانی تودے کی زد میں آئے۔ لوات، شونتھر، کیل، دودھنیال، پھولاوئی اور شاردہ میں 16 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے، دیگر مقامات پر بھی 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارش اور برفباری کے باعث مختلف واقعات میں 29 افراد زخمی، 35 گھر تباہ ہوئے۔ بلوچستان میں برفباری کے باعث 15 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے، خیبر پختونخوا میں 3 افراد زخمی جبکہ پانچ گھروں کو نقصان ہوا۔
وادی نیلم کے ایک ہی گاؤں سرگن بگوالی میں 19 افراد برفانی تودہ میں دب کر جاں بحق ہوئے۔ نیلم اور لیپا سمیت بالائی علاقوں میں ٹیلی فون اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ مختلف اضلاع کی رابطہ سڑکیں بھی برف باری کے باعث بند ہیں اور عوام گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
وزیر مملکت ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی احمد رضا قادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آزادکشمیر میں بارش اور برفباری سے 55 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، وادی نیلم میں جاں بحق 49 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، پاک فوج کے ہیلی کاپٹر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر رہے ہیں، برف تلے دب جانیوالے افراد کی تلاش کیلئے بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ضلعی آفیسر اختر ایوب نے بتایا کہ وادی نیلم میں تاحال 10 افراد برفانی تودے تلے دبے ہیں جن کی تلاش جاری ہے، پونچھ اور سندھوتی میں بھی ایک ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

Leave a Reply

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

%d bloggers like this: